حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جدہ/سعودیہ عرب نے عمرہ ادائیگی کیلئے اجازت نامے کے اجراء کے طریقۂ کار میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے عازمین کیلئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جس کا اطلاق بہت جلد کیا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے دوران حج و عمرہ کیلئے عازمین کی مخصوص تعداد کو اجازت نامے جاری کئے جا رہے تھے اور وہ بھی صرف سعودیہ عربیہ کے شہریوں کے ساتھ مختص تھے۔
رپورٹ کے مطابق، مذکورہ بالا سسٹم کیلئے اعتمرنا ایپ بھی متعارف کرائی گئی تھی، اس ایپ کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے اجازت نامے حاصل کرلیتے تھے اور کورونا وائرس کے دوران دفاتر کے چکر لگانے سے بچ جاتے تھے اس طرح مہلک وائرس کے پھیلاؤ سے بھی محفوظ رہتے۔
کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد حج اور عمرے پر عائد تمام پابندیاں اُٹھالی گئیں تو مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم عازمین سے بھر گئیں۔
ذرائع کے مطابق، اعتمرنا ایپ پر دباؤ بھر گیا جس کے باعث سعودی وزارت حج نے اعتمرنا ایپ منسوخ کرکے اب نسک نامی ایک ایپ کا اجراء کیا ہے، جس کے بعد عازمین کو ہدایت کی گئی کہ عمرے کی ادائیگی کی تمام کارروائیاں اب اعتمرنا کے بجائے نسک ایپ کے ذریعے ہوں گی۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اندازہ لگایا ہے کہ رواں سال عمرہ سیزن کے آغاز سے رمضان المبارک کے آخر تک دنیا بھر سے آنے والے خانۂ خدا کے مہمانوں کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔